گونڈہ26جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اترپردیش کے وزیر مملکت برائے بیسک ایجوکیشن(آزادانہ چارج) انوپما جیسوال نے کہا کہ کانگریس نے پرینکا واڈرا کو عملی سیاست میں اتار کر مسٹر راہل گاندھی کی سیاسی ناپختگی کو قبول کرلیا ہے۔ضلع کے ریزرو پولیس لائن کے پریڈ گراونڈ میں سنیچر کو منعقد یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت کرنے کے بعد جیسوال نے صحافیوں سے کہا کہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا واڈرا ملک کی بیٹی ہیں سیاسی میدان میں ان کااستقبال ہے ۔ انہوں نے کہاہے کہ مشرقی یوپی میں راہل گاندھی کے فیل ہونے کی وجہ سے کانگریس نے راہل پر اعتماد کرنے کے بجائے اب وہی ذمہ داری پرینکا کو سونپ کر یہ ثابت کردیا کہ راہل ایک ناکام سیاست داں ہیں۔ریاستی وزیر نے کانگریس و ایس پی۔بی ایس پی اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں بی جے پی لوک سبھا کی سب سے زیادہ سیٹوں پر جیت حاصل کر کے مکمل اکثریت کے ساتھ دوبارہ مرکز میں حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں تعلیمی معیار میں پہلے کے مقابلے کافی بہتری آئی ہے۔ ملک میں یوپی اور اتراکھنڈ نے پرائمری ایجوکیشن کے معاملے میں سبھی ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔